Thursday, January 9, 2025

بچوں کا مکالمہ

🌷بچوں کا مکالمہ 🌷
🌷 سالانہ پروگرام 🌷
کسی بھی موضوع پر دو بچوں کا آپس میں مکالمہ کرنے سے بچوں میں اعتماد بڑھتا ہے اور بات کرنے کی جھجک ختم ہوتی ہے ۔
مدرسہ کے سالانہ تقریب یا کسی بھی پروگرام میں بچوں کے درمیان مختصراً مکالمے کروانے چاہیے ۔
اس کے بہت سارے فوائد ہیں ۔
1. مدرسہ کا تعارف ہوتا ہے ۔
2. مدرسہ کی کارکردگی اور اساتذہ کی محنت نمایاں ہوتی ہے ۔
3. بچوں کا اعتماد بڑھتا ہے اور ان میں موجود بیان کرنے اور سمجھانے کی صلاحیتوں میں نکھار پیدا ہوتا ہے۔
4. تقریب اور پروگرام میں بیٹھے افراد کے دلوں میں اپنے بچوں کو قرآن مجید یا دینی تعلیم دینے کی رغبت پیدا ہوتی ہے۔
5. بچے ایک دوسرے سے آگے بڑھنے کی کوشش کرتے ہیں ۔
اس طرح کے مکالمے مختلف موضوعات پر لکھ کر بچوں کی  تیاری کروائ  جاسکتی ہے ۔
نماز کی اہمیت ۔ مدراس کی اہمیت ۔ والدین کا ادب ۔
اساتذہ کا احترام ۔ قرآن مجید پڑھنے کا مقصد ۔
قرآن مجید کو تجوید سے پڑھنا کیوں ضروری ہے؟
 مدرسہ کا نظام تعلیم کہ ہمارے مدرسہ میں یہ یہ پڑھایا جاتا ہے اور یہ تعلیم کے اوقات ، یہ کھانے کے یہ کھیلنے کے وغیرہ ۔
مکالمہ لکھنے اور پیش کرنے کے لئے چند باتوں کا خیال کریں ۔
1. مکالمہ آسان اور عام فہم الفاظ میں لکھیں ۔
2. مکالمہ چار سے پانچ منٹ اور چھ سے سات سوالات پر مشتمل ہو ۔
3. مکالمہ میں جو لکھا گیا ہے ، پہلے وہ مضموں بچوں کو سمجھائیں ۔ تاکہ مکالمہ پیش کرتے وقت اگر کچھ سوال آگے پیچھے ہوں تو بچے پریشان نہ ہوں ۔
4. مکالمہ اچھے سے یاد کروائیں اور ہوسکے تو سب بچوں کے سامنے پروگرام سے پہلے کہلوائیں تاکہ ڈر اور خوف ختم ہو ۔
5. مکالمہ پیش کرتے وقت بچوں کو سمجھائیں کہ مائک کے زیادہ قریب بھی نہ ہوں اور نہ زیادہ دور ہوں ۔ تاکہ بات سمجھنے میں کوئ دشواری نہ ہو ۔
6. بچوں کو اس انداز میں کھڑا کریں کہ کچھ ان کا رخ ایک دوسرے کی طرف ہو اور کچھ لوگوں کی طرف ہو ۔
7. مکالمہ پیش کرتے وقت دونوں بچوں کے پاس الگ الگ مائک ہو تو یہ بہتر رہے گا ۔
8. مکالمہ پیش کرتے وقت اسے جلدی جلدی مت کہیں ، ایسا نہ لگے کچھ یاد کیا ہے اسے ہی پڑھ رہے ہیں ، بلکہ یوں محسوس ہو کہ وہ لوگوں کو بات سمجھا رہے ہیں ۔
9 ۔ مکالمہ پیش کرنے کے دوران مناسب اشاروں کا ہاتھوں سے استعمال ضروری ہے۔اور اس کی مشق پہلے سے اساتذہ کروائیں ۔
10 ۔ بچوں کو یہ سمجھائیں کہ اگر کوئ سوال بھول جائے تو بجائے سوچنے یا ایک دوسرے کی طرف دیکھنے کہ اگلا سوال شروع کردیں ۔
11. مکالمہ پیش کرنے کے بعد بچوں کی حوصلہ افزائی ضرور کریں ۔
12. مکالمہ میں اگر بچوں سے کوئ غلطی ہو جائے تو بعد میں مثبت انداز میں انہیں ضرور بتائیں تاکہ وہ اپنی غلطیوں کو سمجھیں اور آئندہ ان سے بچنے کی کوشش کریں ۔
13. پروگرام میں اگر چار پانچ مکالمے پیش کرنے ہوں تو وقفہ وقفہ سے ان کو بلائیں ۔ ایک مکالمہ کے بعد کوئ تلاوت یا نعت یا بیان وغیرہ کا وقفہ ہونا چاہیے ۔
14. مکالمہ کے ساتھ ساتھ بچوں کو تلاوت ۔ نعت اور مختصر بیانات کے لئے بھی تیار کروائیں ۔
15. پروگرام کے لئے بچوں کو مختصر تین سے چار منٹ کے عربی اور انگلش میں بیانات یاد کروائے جاسکتے ہیں ۔
16. ہر وہ چیز جو آپ بچوں سے کروانا چاہتے ہیں ، چاہے وہ تلاوت ہو ، بیان ہو ، نعت ہو ، مکالمہ ہو ان سب کی تیاری اور مشق ضرور کروائیں اور بھر پور کروائیں ۔ اور پروگرام کے دن سے پہلے ایک بچوں کے سامنے ایک پروگرام رکھ کر ان سب کی مشق کروائیں اور غلطیوں کی اصلاح کریں ۔
17. مکالمہ کے لئے ان طلباء کو منتخب کریں جو قدرے ذہین ہوں اور جلدی یاد کرلیتے ہوں ۔
18 ۔ مکالمہ میں دونوں طرف کے طلباء کی عمر اور قد کاٹھ برابر ہونی چاہیے۔ 
ابو عکراش۔

No comments:

Post a Comment

Comments

Contact Us

Name

Email *

Message *